فیصل آباد : فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ دھماکے کی شدت سے فیکٹری کی عمارت منہدم ہو گئ اور آس پاس کے کئی مکانوں کی چھتیں بھی گر گئیں۔
فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے دھماکے کے نتیجے میں اب تک 21 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی، مرنے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اورخواتین کی ہے،جب کہ 5 کے قریب افراد تشویش ناک حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
صبح سویرے فیکٹری بوائلر کے پھٹنے سے ہونے والےدھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ فیکٹری کی عمارت زمیں بوس ہوگئی اور اسکے اطراف واقع متعدد مکانوں کی چھتیں بھی گر گئیں۔
حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوئے جن میں میاں بیوی اور دو بچے شامل تھے۔ لواحقین کے مطابق تمام افراد گھر میں سو رہے تھے، جب دھماکا ہوا تو پوری عمارت ان پر آ گری۔
دوسری جانب مقدمہ مالک اور مینیجر سمیت 7 افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، مقدمے کے مطابق خطرناک کیمیکل کے استعمال سے متعدد بار منع کیاگیا، ملزمان نے رہائشی علاقہ میں فیکٹری میں کام جاری رکھا۔پولیس نے فیکٹری کے مالک قیصر چغتائی اور منیجر کو حراست میں لے لیا ہے۔
کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہےابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں دھماکہ گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا تاہم زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے ملحقہ گھروں کے رہاشیوں کا ہوا، جن کی چھتیں گر گئیں اور یہ لوگ ملبے تلے دب گئے تھے۔حادثے کی تحقیقات کے لیے اعلی سطحی کمیٹی قائم کی جا رہی ہے جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران شامل ہوں گے جو ذمہ داران کا تعین کریں گے۔

