راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مربوط اور کامیاب انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 34 دہشتگرد جہنم واصل کر دیے گئے۔ یہ کارروائیاں 13 سے 15 اکتوبر کے دوران خفیہ معلومات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور بنوں کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 18 خارجی اپنے انجام کو پہنچے۔
دوسری بڑی کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ اسی طرح تیسری بڑی کارروائی ضلع بنوں میں انجام دی گئی، جس میں مزید 8 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔
یہ تمام کارروائیاں قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن "عزمِ استحکام” کے تحت کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد ملک میں بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان اور بنوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کی گئی کارروائیاں قابلِ فخر ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کا خیبر پختونخوا میں سکییورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اظہار اطمینان
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں نے ملک میں امن و استحکام کی صورتحال بہتر کی ہے اور ان آپریشنز کو دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ خوارج اور فتنہ الہندستان کو جڑ سے ختم کرے گی، اور "عزمِ استحکام” مہم کے تحت آپریشن پوری قوت سے جاری رہیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کہ قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر طرح کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نے کہا ہے کہ سپین وام، جنوبی وزیرستان اور بنوں میں سکیورٹی فورسز نے 34 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور یقین دلایا کہ پاکستانی عوام کی حفاظت اور ملکی سالمیت کے لیے دہشت گردی کے خلاف تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی ۔حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خاتمے پر خراج تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی 34 خوارج کے ہلاک ہونے کی خبر پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں جنہوں نے بروقت آپریشنز کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے چپے چپے سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا اور قوم بحیثیت مجموعی ان کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

