بیجنگ:پاکستان نے دفاعی پیداوار اور ہوا بازی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہر طرح کے حالات میں سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن (AVIC) کے ایئرکرافٹ کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں جے-10 سی لڑاکا طیارے تیار کیے جاتے ہیں۔
اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے کمپلیکس پہنچے اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری کو جے-10، جے ایف-17 اور جے-20 اسٹیلتھ فائٹرز کے ساتھ ساتھ ڈرونز، خودکار یونٹس اور ملٹی ڈومین آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے انجینئرز اور سائنسدانوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر پاکستان کے سفیر برائے چین خلیل ہاشمی اور چین کے سفیر جیانگ ژا ڈونگ بھی شریک تھے۔
صدر نے اس موقع پر کہا کہ جے-10 اور جے ایف-17 نے پاک فضائیہ کو مضبوط بنایا ہے اور مئی 2025 کے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں ان طیاروں کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔صدر مملکت نے اے وی آئی سی کو چین کی اعلیٰ ٹیکنالوجی اور پاک-چین اسٹریٹجک شراکت داری کی علامت قرار دیا۔ وہ اس کمپلیکس کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں۔ صدر کے ہمراہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
صدر مملکت آصف زرداری کا ہائی اسپیڈ ٹرین میں سفر
قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نےچین کے شہر چینگڈو سے میانیانگ تک ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کیا جو تقریباً آدھے گھنٹے میں مکمل ہوا۔
سفر کے دوران صدر مملکت کو ٹرین کے نظام، سروسز، حفاظتی اقدامات اور ماحولیاتی فوائد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق حکام نے بتایا کہ چین کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ہائی سپیڈ ریلوے نیٹ ورک ہے جو 45 ہزار کلومیٹر سے زائد پٹریوں پر مشتمل ہے اور سالانہ دو ارب سے زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ ٹرینیں 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہیں اور تقریباً تمام بڑے چینی شہروں کو آپس میں جوڑتی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری شنگھائی پہنچ گئے ، اہم ملاقاتیں کرینگے
صدر مملکت آصف علی زرداری شنگھائی پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر چینی حکام کی جانب سے صدرمملکت کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کو شنگھائی کمیٹی آف دی چائنیز پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیو کانفرنس (سی پی پی سی سی) کے وائس چیئرمین مسٹر چَن قُن نے خوش آمدید کہا۔ڈی جی فارن افیئرز آفس شنگھائی محترمہ ما یِنگ ہُوئی بھی استقبال کے لیے موجود تھیں جبکہ چین میں پاکستانی قونصل جنرل اور سفارتخانے کے حکام بھی موجود تھے۔
خاتون اول آصفہ زرداری کا چین میں پرتپاک استقبال
یادرہے خاتون اول آصفہ زرداری نے صدر آصف علی زرداری کو دورہ چین کے دوران آج جوائن کیا ہے ۔ اُن کے ہمراہ سابق وزیرِ خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود ہیں ۔شنگھائی ایئرپورٹ پر خاتونِ اوّل اور بلاول بھٹو زرداری کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ شنگھائی کے فارن افیئرز آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل بھی موجود تھے۔






