اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری 9 روزہ دورہ پر چین پہنچ گئے جہاں ان کا چینی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
چینگڈو شوانگلیو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چین کے نائب وزیر خارجہ مسٹر سن ویڈونگ نے ان کا خیرمقدم کیا اور معصوم چینی بچوں نے انہیں گلدستے پیش کئے ۔ سیچوان صوبے کے نائب گورنر، مسٹر ہوانگ روئیکسو؛ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ موجودہ حالات کے تناظر میں صدر کا یہ دورہ انتہائی اہم قراردیا جارہا ہے ۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت کے ترجمان نے جمعہ کو کہاکہ صدرِ مملکت چینی حکومت کی دعوت پر چین کا دورہ کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ صدر مملکت 12 سے 21 ستمبر تک چین کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے، ان کی چنگڈو، شنگھائی اورسنکیانگ میں صوبائی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ دورے سے پاکستان اور چین کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزیدمستحکم ہوگی، صدر مملکت کا دورہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے عزم کا عکاس ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان، چین تعلقات اور اقتصادی و تجارتی تعاون پر بات چیت ہوگی، دورے میں سی پیک اور مستقبل کے رابطہ کاری منصوبے زیر غور آئیں گے۔
 
		
 
									 
					