پشاور:(حافظ نعیم سے ) سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1981 میں پیپلز پارٹی سے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا، پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم ہونے کے بعد احتجاج نہیں کیا، فیصلے کو عزت سے قبول کیا،نواز شریف کے دل میں پاکستان، عوام اور اداروں کے لیے درد ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی کی قیادت دیکھ کر ن لیگ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
بہرہ مند تنگی نے کہا کہ ن لیگ میں شمولیت کسی عہدے، مطالبے یا سیٹ کے لیے نہیں کی،مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو ملک و قوم کے مفاد کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ڈیڑھ سال غور و فکر کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا،اب ن لیگ کے پلیٹ فارم سے خیبرپختونخوا کی عوام کی خدمت کروں گا۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتمادہے،ن لیگ میں شمولیت ضمیر کی آواز پر کی، کوئی ذاتی مفاد نہیں،پارٹی ورکر کی حیثیت سے ن لیگ کے لیے زندگی کے آخری لمحے تک کام کروں گا۔
سابق سینیٹر بہرہ مند خان تنگی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اس موقع پر وفاقی وزیر و صوبائی صدر امیر مقام،سابق وفاقی وزیر و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن کے پی کے مرتضیٰ جاوید عباسی، ایم این اے ثمر ہارون بلور، ایم این اے شاہستہ جدون، ہمایوں شاہ صدر پی ایم ایل این چارسدہ ، و دیگر بھی موجودتھے۔

