اسکردو : گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ سمیت عملے کے 5 ارکان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر گلگت بلتستان نے دیامر میں آرمی ہیلی کاپٹر گرنے اور 5 شہادتوں کی تصدیق کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے پاک فوج کا ایم آ ئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 ارکان شہید ہو گئے۔
چلاس میں ہڈر کے مقام پر پاک فوج کا 17-MI ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔ ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا اور اچانک تکنیکی مسئلے کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
صوبائی حکومت نے دیامر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر نے دیامر میں ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

