پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی ایک غیر معمولی اور دلچسپ تصویر منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں انہیں ملک کے سرد ترین اور برف پوش علاقے سامجیون میں برف پر رکھی ایک پُرتعیش اور آراستہ کرسی پر بیٹھ کر اپنی بیٹی کم جو اے کو اسکیئنگ کرتے ہوئے دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یادرہے اس وقت شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان وہ واحدعالمی رہنما ہیں جن سے روسی صدر پیوٹن ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی پن جنگ ملاقات کرنا چاہتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر شمالی کوریا کے سربراہ خاصے پُرسکون اور شاہانہ انداز میں نظر آئے۔ برفیلے ماحول میں کھلے آسمان تلے سجائی گئی ایک منقش کرسی پر براجمان کم جونگ ان نے آنکھوں پر دھوپ کا چشمہ (سن گلاسز) لگا رکھا تھا اور ان کے ہاتھ میں سگریٹ موجود تھی، جبکہ وہ گہری دلچسپی کے ساتھ اپنی بیٹی کی اسکیئنگ کا مظاہرہ دیکھ رہے تھے۔
واضح رہے کہ کم جونگ ان کی بیٹی کم جو اے گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے والد کے ہمراہ متعدد سرکاری، عسکری اور سماجی تقریبات میں تواتر کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں، جس کے باعث عالمی مبصرین اور سیاسی تجزیہ کاروں کی جانب سے انہیں شمالی کوریا کی مستقبل کی قیادت کے حوالے سے خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ تاہم برف کے میدان میں والد اور بیٹی کے اس غیر رسمی اور شاہانہ تفریحی انداز نے عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔
’’آگ لگے بستی میں بھائی اپنی مستی میں’’ ، آنکھوں پر چشمہ اور ہاتھ میں سگریٹ؛ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اسکیئنگ سے لطف اندوز ہونے کا منفرد انداز

