پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )
پاکپتن اور گردونواح کی سڑکیں اب مزید انسانی جانوں کے ضیاع کا بوجھ برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔ چند روز قبل بس اور مال بردار ٹرک کے درمیان پیش آنے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہوئے تھے، اور اب پاکپتن سے ملتان روڈ پر مسافر بس اور آئل ٹینکر کے ایک اور المناک حادثے نے مزید 8 قیمتی انسانی جانیں نگل لی ہیں، جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے یہ محض روٹین کے ٹریفک حادثات نہیں، بلکہ ہمارے فرسودہ اور ناکافی روڈ انفراسٹرکچر پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ مسلسل پیش آنے والے یہ دل دہلا دینے والے واقعات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ اب محض افسوس اور تعزیتی بیانات سے کام نہیں چلے گا، بلکہ حکومت کو فوری طور پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔عوام کا وزیراعلیٰ پنجاب سے پُرزور مطالبہ پاکپتن سمیت وہاڑی، دیپالپور، عارف والا اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہاڑی سے اوکاڑہ اور دیپالپور تک اس مصروف ترین شاہراہ کو فوری طور پر دو رویہ (Dual Carriageway) کرنے کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے۔حکومت کو یہ بات ہمیشہ پیشِ نظر رکھنی چاہیے کہ سڑکیں صرف گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے نہیں بنتیں، بلکہ ان کا بنیادی مقصد محفوظ سفر اور انسانی جانوں کا تحفظ بھی ہے۔عوام نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم شاہراہ پر درج ذیل اقدامات فوری یقینی بنائے جائیں:شاہراہ کو فوری طور پر دو رویہ تعمیر کیا جائے۔ٹریفک کی روانی اور حادثات سے بچاؤ کے لیے مؤثر حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔راستے میں واضح سائن بورڈز اور مناسب روشنی (اسٹریٹ لائٹس) کا انتظام کیا جائے۔آخر کب تک قیمتی انسانی جانیں اس طرح حادثات کی نذر ہوتی رہیں گی اور عوام محفوظ سفر کے بنیادی حق سے محروم رہیں گے؟ وزیراعلیٰ پنجاب سے پُراُمید اپیل ہے کہ اس عوامی مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، کیونکہ اب مزید کسی المناک حادثے اور کسی گھر کا چراغ گل ہونے کا انتظار نہیں کیا جا سکتا۔ یہ مطالبہ کسی سیاسی مفاد کا نہیں، بلکہ خالصتاً انسانی زندگیوں کے تحفظ اور عوام کے محفوظ مستقبل کا مطالبہ ہے۔


