دبئی (ویب ڈیسک)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2028 سے 2035 تک کے بڑے مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کی ونڈوز اور میزبانی کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت بھارت کو 23 سال کے طویل انتظار کے بعد پہلی مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سونپی گئی ہے۔
آئی سی سی بورڈ کی جانب سے منظور کردہ نئے عالمی کیلنڈر کے مطابق 2029 کی آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 9 سے 28 اکتوبر تک بھارت میں کھیلی جائے گی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ بھارت نے اس سے قبل کبھی تنہا یا مشترکہ طور پر چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی نہیں کی تھی (2006 میں میزبانی ملی تھی اور 2029 تک 23 سال کا طویل وقفہ بنتا ہے)۔ اس کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کریں گے جو 9 اکتوبر سے 23 نومبر تک شیڈول ہے۔
جاری کردہ شیڈول میں 2028 سے 2035 کے دوران مجموعی طور پر چار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، دو ون ڈے ورلڈ کپ، تین ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز اور دو چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹس شامل ہیں۔ 2031 کے بعد ہونے والے ایونٹس کے میزبان ممالک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کو اس سائیکل میں کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی نہیں ملی ہے۔

