بھریا سٹی (رپورٹ: مجاہد علی مغل /)
نوشہروفیروز کے مٹیانی روڈ پر نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث گٹروں کا گندا پانی ابل کر سڑک پر بہنے لگا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں اور علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سڑک پر گندا پانی جمع ہونے سے پیدل چلنے والے راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں اور دیگر ٹریفک کو آمدورفت میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ دوسری جانب گندے پانی کے جوہڑ بننے سے علاقے میں شدید تعفن پھیل گیا ہے اور وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کا یہ مسئلہ طویل عرصے سے ان کے لیے وبالِ جان بنا ہوا ہے، تاہم میونسپل انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام کی مجرمانہ خاموشی اور غفلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
علاقہ مکینوں اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز اور میونسپل انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مٹیانی روڈ پر نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر درست کیا جائے اور گٹروں کی صفائی کروا کر سڑک سے گندا پانی نکالا جائے تاکہ شہریوں کو اس عذاب سے نجات مل سکے۔


