خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے سابق ایم پی اے بیرسٹر ملک معظم شیر کلو نے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، اہم قومی امور اور حلقے کے عوامی مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے عوامی مسائل کے حل اور حلقے کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثناء بیرسٹر ملک معظم شیر کلو نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے بزرگوں نے علاقے کے لوگوں کی بے لوث خدمت کے لیے مثالی کردار ادا کیا اور اب ہم ان کے اس عظیم مشن کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے علاقے کے عوام کی اجتماعی تعمیر و ترقی ہمارا محور و مقصد ہے اور ان شاء اللہ اس حوالے سے ہرگز کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے حلقے کے لوگوں کی بے پایاں محبتوں کے مقروض ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیں ہمیشہ عزت و احترام سے نوازا ہے۔ سابق ایم پی اے بیرسٹر ملک معظم شیر کلو کا کہنا تھا کہ خلقِ خدا کی بے لوث خدمت کر کے ہمیں دلی خوشی محسوس ہوتی ہے اور ہمارے دروازے ہمہ وقت عوام کے لیے کھلے ہیں۔
واضح رہے کہ بیرسٹر ملک معظم شیر کلو سدا بہار ایم پی اے ایڈووکیٹ ملک محمد وارث کلو مرحوم کے صاحبزادے اور کلو گروپ کے سربراہ ملک عبدالرحمان وارث کلو کے چھوٹے بھائی ہیں۔


