عمرکوٹ (بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی): ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ اعجاز احمد جتوئی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی اوور سائٹ کمیٹی (District Oversight Committee) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ تعلیم کے شعبے میں مرمت اور بحالی کے کاموں (M&R Works) سے متعلق سال 2026-2027ء کے لیے پیش کی گئی تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں درج ذیل متعلقہ افسران نے شرکت کی:میر حسن آریسر (ضلعی افسرِ تعلیم سیکنڈری/ہائر سیکنڈری عمرکوٹ)عنایت اللہ کنبھر (ضلعی افسرِ تعلیم پرائمری عمرکوٹ)وشال داس (ایگزیکٹو انجینئر ایجوکیشن ورکس ڈویژن عمرکوٹ)رجب علی سَٹھِیو (چیف مانیٹرنگ آفیسر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن عمرکوٹ)محمد اسلم بھٹی (ضلعی افسر اطلاعات عمرکوٹ)
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اعجاز احمد جتوئی نے تعلیمی اداروں میں مرمت اور بحالی کے کاموں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران سے تعلیمی اداروں کی ضروریات اور تجویز کردہ ترقیاتی کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسکولوں کی مرمت اور بحالی کے کاموں کی تجاویز اداروں کی حقیقی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کی جائیں، جبکہ تمام کاموں میں شفافیت، معیار اور مقررہ قواعد و ضوابط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عمارتوں کی بہتر حالت برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں، تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں سال 2026-2027ء کے ایم اینڈ آر پروگرام (M&R Program) کے تحت پیش کردہ تجاویز پر بحث اور ان کی منظوری کے حوالے سے بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

