لاہور : ملکی سیاست میں اہم بیٹھک کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، جہاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی لاہور آمد کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے اہم سیاسی ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سیاسی ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے درمیان یہ اہم ملاقات رائے ونڈ (جاتی امرا) میں ہونے کی توقع ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور اتحادی جماعتوں کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ اپنے دورہ لاہور کے دوران صدر مملکت گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سمیت پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھی اتوار کے روز لاہور آمد متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی ہفتہ اور اتوار کے روز لاہور میں ہی قیام کرتے ہیں۔ وفاقی و صوبائی سطح کی اعلیٰ ترین قیادت کی ایک ہی وقت میں لاہور میں موجودگی کے باعث آئندہ دو روز میں اہم سیاسی مشاورت اور مزید ملاقاتوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کی لاہور آمد، جاتی امرا میں نواز شریف سے اہم ملاقات کا امکان

