پشاور: خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، پنجاب سے آٹے کی ترسیل میں رکاوٹوں اور مقامی فلور ملوں کو مطلوبہ کوٹہ نہ ملنے کے باعث قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے لگا ہے۔
صوبے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3500 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 80 کلو آٹے کی بوری 14 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
خیبرپختونخوا آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی وحید، سینئر نائب صدر حاجی نثار اور جنرل سیکرٹری ایاز نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی مقامی فلور ملوں سے عوام کو مطلوبہ مقدار میں آٹا دستیاب نہیں ہو رہا، جبکہ پنجاب سے آٹے کی ترسیل بھی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے مطابق پنجاب حکومت نے آٹے کی ترسیل کے تمام پرمٹ ختم کر دیے ہیں، جس کے باعث خیبرپختونخوا آنے والی گاڑیوں کو راستوں میں روکا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب سے آٹا لانے والے ٹرکوں کو پکڑ کر ضبط بھی کیا جا رہا ہے، جس سے صوبے میں آٹے کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایک طرف پنجاب سے آٹے کی آمد میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں تو دوسری جانب مقامی فلور ملوں سے بھی ڈیلرز کو مطلوبہ کوٹہ فراہم نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی کم اور قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر عائد رکاوٹیں ختم نہ کی گئیں اور مقامی ملوں کو مطلوبہ کوٹہ فراہم نہ ہوا تو صوبے میں آٹے کا بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے اور قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے پہلے ہی مہنگائی سے پریشان شہریوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے۔ شہریوں کو خدشہ ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو بنیادی غذائی ضرورت مزید مہنگی ہو جائے گی۔
آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب سے خیبرپختونخوا آٹے کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے، ٹرکوں کو روکنے اور ضبط کرنے کا سلسلہ ختم کرنے اور مقامی فلور ملوں کو مناسب کوٹہ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔
خیبر پختونخوا میں آٹے کا بحران بے قابو،20 کلو تھیلے کی قیمت کتنی?

