پشاور:انورزیب خان
افغانستان سے تعلق رکھنے والی خواجہ سرا "آرزو” نے وطن واپسی پر جان کو لاحق شدید خطرات کے پیشِ نظر پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کر دی ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ طالبان حکومت کے قیام کے بعد افغانستان میں خواجہ سراؤں کے لیے زندگی انتہائی غیر محفوظ ہو چکی ہے، جہاں انہیں ظلم، تشدد اور قتل جیسے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔
درخواست کے مطابق، آرزو تقریباً پانچ سال قبل افغانستان سے ہجرت کرکے پاکستان پہنچی تھیں اور اس وقت پشاور میں تنہا زندگی بسر کر رہی ہیں۔ اگرچہ ان کے پاس افغان قانونی دستاویزات موجود نہیں ہیں، تاہم انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) میں باضابطہ طور پر پناہ گزین کے طور پر اپنا کیس رجسٹر کروا رکھا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق، افغانستان میں خواجہ سراؤں کو نہ صرف اجتماعی بلکہ خاندانی سطح پر بھی شدید مخالفت اور عدم قبولیت کا سامنا ہے۔ طالبان حکومت کے بعد وہاں ان کی بقا خطرے میں ہے، اور جبری طور پر وطن واپس بھیجے جانے کی صورت میں انہیں اپنی زندگی سے ہاتھ دھونے کا خدشہ ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پشاور ہائی کورٹ ماضی میں بھی افغان خواجہ سراؤں کو جبری بے دخلی سے تحفظ فراہم کرتی رہی ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سال 2023 میں تقریباً 147 سے 149 افغان خواجہ سراؤں کی جانب سے ایسی ہی درخواستیں دائر کی گئی تھیں، جن کے پاس UNHCR کی رجسٹریشن کے شواہد موجود تھے اور جن کے کینیڈا یا بیلجیئم میں آبادکاری کے امور زیرِ عمل تھے۔
اس حوالے سے خیبر پختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین احمد فاروق خٹک نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین اور قانون کے تحت اس سرزمین پر موجود ہر انسان کی جان اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست اور عدالتی نظام کی اولین ذمہ داری ہے۔

