ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش اور سرد ہواؤں کے باعث موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
سیاحوں نے گرم ملبوسات نکال لیے ہیں جبکہ گھروں اور ہوٹلوں میں انگیٹھیوں اور ہیٹرز کا استعمال بڑھ گیا ہے، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ادھر ہری پور سمیت تحصیل خانپور اور غازی میں بھی طویل خشک سالی کے بعد موسم سرما کی پہلی بارش برسی جس سے موسم انتہائی سرد ہو گیا، تاہم بارش کے باعث ہری پور میں بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے سے شہریوں کو بجلی کی آنکھ مچولی کا سامنا ہے۔

