سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)
کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت اجلاس میں حکومتِ پنجاب کے ریونیو انیشیٹوز، ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام اور گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجراء پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت زیرِ التواء مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں اور ان کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام اور گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجراء کے تمام مراحل مقررہ پالیسی کے مطابق مکمل کرتے ہوئے اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو امور میں شفافیت، میرٹ اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو ریونیو خدمات کی بروقت فراہمی کے لیے تمام افسران مؤثر اقدامات کریں۔ حکومتِ پنجاب کے اقدامات کا مقصد عوام کو سہل اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے، جس کے لیے افسران اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کریں۔


