سکھر ( رپورٹ/ عبد الرحمان راجپوت )
سکھرفخرِ سندھ ڈائریکٹر سول ڈیفنس سندھ ریاض حسین لغاری اور فخرِ سکھر ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس سکھر نادر شہزاد خان کی خصوصی ہدایات پر انور پراچہ گورنمنٹ ہسپتال سکھر میں فائر سیفٹی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) کے حوالے سے ایک خصوصی آگاہی و تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ہسپتال کے 40 سے زائد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو آگ لگنے کی صورت میں حفاظتی اقدامات، فائر سیفٹی ایس او پیز، آگ بجھانے والے آلات کے درست استعمال اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا، جبکہ شرکاء کو عملی مظاہرہ (Practical Demonstration) بھی کروایا گیا۔تربیتی سیشن سول ڈیفنس سکھر کے انچارج میاں جہانگیر عباسی کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس وارڈن سروس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان اور پوسٹ وارڈن محمد بابر نے شرکاء کو تربیت فراہم کی۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) ڈاکٹر اسد سرور سومرو بھی موجود تھے۔اس تربیتی سرگرمی کا بنیادی مقصد ہسپتال میں مریضوں، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا، فائر سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔

