واشنگٹن:(بے نقاب نیوزرپورٹ)
امریکی وزیرِ دفاع (سیکرٹری آف ڈیفنس) پیٹ ہیگسیتھ کو ایران کے خلاف جنگ اور دیگر عسکری اقدامات کے معاملے پر ایوانِ نمائندگان میں پیش کی گئی مواخذے کی تحریک سے تو بڑی حد تک نجات مل گئی ہے، تاہم اس سیاسی رسہ کشی کے فوراً بعد انہیں ایک اور شرمندگی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد پیش کی تھی۔ ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے کانگریس کی باضابطہ منظوری کے بغیر ایران اور یمن میں غیر قانونی جنگ چھیڑی، بحیرۂ کیریبین میں کشتیاں نشانہ بنائیں اور وینزویلا کے صدر کے خلاف غیر قانونی اقدامات کیے۔ تاہم، ڈیموکریٹک پارٹی کے چند ارکان (بشمول سابق اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت 11 ارکانِ پارلیمنٹ) کی جانب سے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے یا مخالفت کی وجہ سے مواخذے کی یہ تحریک ناکام ہو گئی، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اطمینان کا اظہار کیا۔
مواخذے کی کارروائی کے فوراً بعد ویٹرنز ڈے (Veterans Day) کے موقع پر پیٹ ہیگسیتھ اپنی اہلیہ اور عملے کے ہمراہ ایک قومی قبرستان میں موجود تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس دوران ایک محافظ نے انہیں سرعام قبرستان میں آنے اور وہاں کے ادب و آداب اور پروٹوکولز (Protocols and Etiquette) کی خلاف ورزی کرنے پر ٹوک دیا۔ اس واقعے کو سیاسی حلقوں اور میڈیا میں امریکی وزیرِ دفاع کے لیے ایک نئی ہزیمت اور ندامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

