لاہور: طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کی طرح ‘لو بلڈ پریشر’ (ہائپوٹینشن) کو بھی ہرگز معمولی یا کم خطرناک نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ یہ غفلت جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق جب بلڈ پریشر خطرناک حد تک گر جاتا ہے تو دماغ، دل اور گردوں جیسے اہم اعضاء تک خون اور آکسیجن کی رسد شدید متاثر ہوتی ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں چکر آنے، غش کھا کر گرنے سے چوٹ لگنے، صدمے (شاک) اور اعضاء کے فیل ہونے کے سنگین خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص میں شدید کمزوری، دھندلا دکھائی دینا، متلی، دل کی دھڑکن کا بے ترتیب ہونا یا شدید تھکن جیسی علامات ظاہر ہوں تو انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
احتیاطی تدابیر:
-
پانی کا استعمال: جسم میں پانی کی کمی (ڈی ہائیڈریشن) سے بچنے کے لیے دن بھر میں وافر مقدار میں پانی اور سیال اشیاء لیں۔
-
نمک کا اعتدال: ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق غذا میں نمک کا استعمال مناسب حد تک رکھا جائے۔
-
اچانک اٹھنے سے گریز: لیٹنے یا بیٹھنے کے بعد یکدم اٹھنے کے بجائے کچھ دیر آرام کریں۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ بار بار لو بلڈ پریشر کا مسئلہ پیش آنے کی صورت میں خود سے علاج کرنے کے بجائے فوری طور پر کسی مستند معالج سے رجوع کیا جائے۔

