مٹیاری رپورٹ: عامر علی انڑ
20 روز قبل گھر سے نکل کر پسند کی شادی کرنے والی شہدادپور کی رہائشی ماریا خاصخیلی اپنے شوہر شاہ حسین جڑھ کے ہمراہ تحفظ اور انصاف کے حصول کے لیے صحافیوں کے پاس پہنچ گئی۔ماریا خاصخیلی نے صحافیوں کے سامنے فریاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ شہدادپور کے گاؤں گلن خاصخیلی کی رہائشی ہے، جہاں اس کے اہلِ خانہ اس کی مرضی کے خلاف مبینہ طور پر اس کی شادی نشے کے عادی شخص سجاد خاصخیلی سے کروانا چاہتے تھے۔ اس گھریلو دباؤ اور زبردستی کے باعث اس نے گھر چھوڑ کر اپنی آزاد مرضی اور رضا مندی سے حیدرآباد کی عدالت میں شاہ حسین جڑھ سے نکاح کر لیا ہے۔
ماریا خاصخیلی کا کہنا تھا کہ وہ عاقل، بالغ اور اپنے اچھے برے کی مکمل سمجھ بوجھ رکھتی ہے اور اب اپنے شوہر کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزارنا چاہتی ہے، تاہم اس کے مطابق اس کے اہلِ خانہ اب اس کے، اس کے شوہر اور خاندان کے دیگر افراد کے لیے شدید خطرہ بن گئے ہیں۔ ماریا نے الزام عائد کیا کہ اسے اپنے والد قمرالدین خاصخیلی، بھائی شعبان، چچا امام علی، غلام خاصخیلی اور سابق منگیتر سجاد خاصخیلی سے جان کا خطرہ ہے۔ اسے مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
آخر میں ماریا خاصخیلی نے اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی کہ اسے اور اس کے شوہر کو فوری طور پر تحفظ فراہم کیا جائے، ان کے خلاف درج ہونے والے مبینہ جھوٹے مقدمات کی شفاف تحقیقات کر کے انہیں خارج کیا جائے اور انہیں قانون کے دائرے میں رہ کر اپنی مرضی کے مطابق پُرامن زندگی گزارنے کی اجازت دی جائے۔


