کیلے فورنیا :فون نمبر سے کال، تاریخ اور وقت سے کیلنڈر ایونٹ، پتے سے نقشے اور ای میل ایڈریس سے ای میل ایپ کھولنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے پیغامات میں موجود فون نمبرز پر کلک کرکے کال کرنے یا نمبر محفوظ کرنے، تاریخ اور وقت کو کیلنڈر میں شامل کرنے، جبکہ کسی پتے کو براہِ راست نقشے میں کھولنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
اس نئے فیچر کو ’میسج ٹیکسٹ ایکشنز کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت پیغام میں موجود متعلقہ معلومات کے نیچے نقطوں پر مشتمل ایک لکیر ظاہر ہوگی، جس پر کلک کرنے سے صارفین کو مختلف اختیارات دستیاب ہوں ے۔
فون نمبر پر کلک کرنے سے اسے کاپی کرنے، رابطوں میں محفوظ کرنے یا براہِ راست کال کرنے کا آپشن سامنے آئے گا، جبکہ تاریخ اور وقت کو موبائل کے کیلنڈر میں شامل کرنے یا واٹس ایپ کے اندر ہی کوئی تقریب ترتیب دینے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔
اسی طرح پیغام میں درج پتے کو کاپی کرنے یا نقشے کی ایپلی کیشن میں کھولنے کے علاوہ ای میل ایڈریس کو کاپی کرنے یا موبائل کی ای میل ایپلی کیشن میں کھولنے کا اختیار بھی دیا جائے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق یہ فیچر موصول ہونے اور بھیجے جانے والے دونوں طرح کے پیغامات میں کام کرے گا۔ صارفین کو اس فیچر کی جانب سے فراہم کردہ تجاویز پر اپنی رائے دینے اور کسی غلط شناخت کی نشاندہی کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔واٹس ایپ کے مطابق پیغامات میں موجود معلومات کی شناخت صارف کے موبائل فون پر ہی کی جاتی ہے اور اس مقصد کے لیے پیغامات کا مواد کمپنی کے سرورز پر نہیں بھیجا جاتا، جس سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ برقرار رہتا ہے۔
یہ سہولت فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے تازہ ترین ورژنز استعمال کرنے والے بعض صارفین کو مرحلہ وار فراہم کی جا رہی ہے۔ تمام صارفین کے لیے اس فیچر کے اجرا کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم توقع ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید صارفین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

