خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان اور لاہور قلندر کے مالکان عاطف رانا اور ثمین رانا نے ضلع خوشاب کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندگان سے خصوصی گفتگو کی ہے۔ اس موقع پر اے ڈی سی ایم ایس ذریاب ساجد سمیت ڈسٹرکٹ پریس کلب خوشاب و جوہرآباد کے میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان اور لاہور قلندر کے مالکان نے کہا کہ ضلع خوشاب کے نوجوانوں کو کرکٹ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور اپنا ٹیلنٹ منوانے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ لاہور قلندر کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے لیے آن لائن رجسٹریشن آج رات سے شروع ہو جائے گی، جبکہ آئندہ دو روز کے دوران لاہور قلندر کی رجسٹریشن ٹیم ضلع خوشاب کی چاروں تحصیلوں میں پہنچے گی جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو رجسٹریشن کے عمل میں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔شیڈول کے مطابق 21 نومبر کو لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور مایہ ناز بلے باز حارث رؤف جوہرآباد اسپورٹس کمپلیکس، میلہ گراؤنڈ جوہرآباد میں خود نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیں گے۔ یہ نوجوان کرکٹرز کے لیے آگے بڑھنے کا ایک سنہری موقع ہے۔اٹارنی جنرل آف پاکستان اور لاہور قلندر کی قیادت نے ضلع خوشاب کے تمام نوجوانوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں اپیل کی ہے کہ وہ آج ہی سے ٹرائلز کی تیاری شروع کر دیں اور اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی سطح پر اپنا مقام بنا سکیں۔


