سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق کی زیر صدارت ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صحت، تعلیم، نکاسی آب، بنیادی شہری سہولیات اور دیگر شعبوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران مختلف منصوبوں پر ہونے والی اب تک کی پیشرفت، فنڈز کے درست استعمال، تعمیراتی کاموں کی رفتار اور تکمیل کے مقررہ مراحل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور تمام سکیمیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائیں۔ انہوں نے بالخصوص سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں میں تعمیراتی معیار، پائیداری اور عام شہریوں کو آمدورفت میں بہترین سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں سے وابستہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کے معیار کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ فیلڈ میں جاری کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں، درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور منصوبوں کی پیشرفت کی باقاعدہ رپورٹس پیش کریں۔


