ڈھڈیال(نمائندہ بے نقاب نیوز منور حسین)
بزمِ قرآن چکوال کے زیرِ اہتمام گیارہ سال تک کی عمر کے بچوں کے مابین منعقدہ حسنِ قرأت و ناظرہ قرآنِ مجید کے مقابلے میں مکتب تعلیم القرآن ڈھڈیال (نزد پولیس اسٹیشن) کے ہونہار طالب علم محمد وجیہ الحسن بن حاجی ابرار حسین نے ضلع بھر کے شرکا میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے ادارے اور علاقے کا نام روشن کر دیا۔ نمایاں کامیابی پر انہیں 10 ہزار روپے نقد انعام، الیکٹرانک قرآنِ پاک اور اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔تفصیلات کے مطابق مقابلے کے سیمی فائنل میں مکتب تعلیم القرآن ڈھڈیال کے پانچ طلبہ محمد عمر بن مرزا اظہر (مونا)، محمد فہد عباس بن زاہد حسین (مونا)، محمد متین بن مرزا محمد اکرام (ڈھڈیال)، محمد سفیان بن حامد سلیم چکوال اور محمد وجیہ الحسن بن حاجی ابرار حسین (ڈھڈیال) نے شرکت کی۔ تقریباً 70 بچوں کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل میں سے صرف سات طلبہ فائنل کے لیے منتخب ہوئے، جن میں محمد وجیہ الحسن بھی شامل تھے۔ انہوں نے فائنل مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مکتب تعلیم القرآن ڈھڈیال میں بچوں کو قرآنِ مجید کی تعلیم تجوید و مخارج کے اصولوں کے مطابق دی جاتی ہے، جبکہ ان کی دینی، اخلاقی اور عملی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اس وقت مکتب میں قاری محمد حذیفہ صاحب، قاری محمد عادل صاحب اور قاری عثمان حیدر صاحب تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مکتب کی انتظامیہ کے مطابق طالب علم کی یہ کامیابی اساتذہ کرام کی محنت، مسلسل رہنمائی اور قرآنی تعلیم سے وابستگی کا نتیجہ ہے۔ انتظامیہ نے اہلِ ڈھڈیال اور گردونواح کے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ مکتب کا دورہ کرکے بچوں کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کریں اور اس نیک مشن کو مزید آگے بڑھانے میں اپنا تعاون پیش کریں۔ اہلِ خیر کے تعاون سے قرآنی تعلیم کے فروغ اور بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں مزید مدد مل سکتی ہے۔
محمد وجیہ الحسن کی کامیابی مقامی دینی اداروں میں قرآنِ مجید کی تعلیم و تربیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کا مثبت ثبوت ہے۔ امید ہے کہ یہ کامیابی دیگر طلبہ کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔ اللہ تعالیٰ مکتب کی خدمات قبول فرمائے، اساتذہ کرام کی محنت میں برکت عطا فرمائے اور طالب علم کو مزید کامیابیوں سے نوازے۔ آمین۔




