سیالکوٹ/ڈسکہ (بی این پی نیوز – سلیم احمد اعوان شیخو):
تھانہ سٹی ڈسکہ کی حدود میں نجی مارکی میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں چند روز قبل زخمی ہونے والا نوجوان رانا اویس اصغر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملا۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان رانا اویس اصغر اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے مارکی گیا تھا۔ تقریب کے دوران گاڑی پارکنگ کے معاملے پر ذیشان عرف شانی کے ساتھ معمولی تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد رانا اویس اپنے دوستوں کے ساتھ مارکی کے اندر چلا گیا تھا۔
رات تقریباً ساڑھے نو بجے جب رانا اویس اور اس کے دوست مارکی سے باہر نکلے تو ملزم ذیشان اور اس کے ساتھی حسن گھمن نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں رانا اویس شدید زخمی ہو گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد دوستوں اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے شدید زخمی حالت میں رانا اویس کو تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) اسپتال ڈسکہ منتقل کیا، جہاں وہ چند روز تک اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔
پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کا مقدمہ درج کر رکھا تھا، تاہم نوجوان کی وفات کے بعد اب مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کر لی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان ذیشان اور حسن گھمن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

