سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو): یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کچہری چوک سیالکوٹ میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ضلع کی مرکزی تقریب اور احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق نے کی۔
ریلی میں طلبہ، اساتذہ، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ سمیت کشمیریوں کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے پیش کیے گئے جبکہ ریسکیو 1122 اور پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارتی غاصب افواج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ تقریب کے دوران کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر و انفورسمنٹ صولت حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ صفدر شبیر، سی او میونسپل کارپوریشن اشفاق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید احمد، سماجی رہنما اشفاق نذر اور مرزا شکور سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے ریاست جموں و کشمیر میں غاصبانہ مداخلت کی، جس کے بعد کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ایک طویل تاریخی تحریک کی صورت اختیار کر گئی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کا ہر فرد کشمیریوں کی آزادی کے لئے دعاگو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی، سفارتی و سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے نوجوان نسل کی مسئلہ کشمیر سے وابستگی اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ہماری بنیادی قومی ذمہ داری ہے۔

