سانگھڑ(رپورٹ: اشفاق سلہری)
سانگھڑ کے قریب جھول تھانے کی حدود میں چانڈیا پھٹل موڑ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ چانڈیا پھٹل موڑ کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھ کر مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں گل محمد خاصخیلی زخمی ہو گیا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے فرار ملزمان کی تلاش اور اس حوالے سے مزید کارروائی جاری ہے۔


