خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، سرگودھا ڈویژن شاکرہ نورین نے صنعت زار خوشاب کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال خوشاب میڈم سائمہ سلیم اور مینیجر صنعت زار خوشاب اظہر عباس بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے آغاز پر مینیجر صنعت زار خوشاب اظہر عباس نے ڈویژنل ڈائریکٹر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔اس کے بعد شاکرہ نورین نے پروڈکشن سینٹر کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں اور بچیوں کے اسکول یونیفارمز کی سلائی کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تیار کیے جانے والے یونیفارمز کے معیار اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ مینیجر صنعت زار خوشاب نے انہیں جاری لوکل آرڈر ورک کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مقامی آرڈرز پر کام تیزی سے جاری ہے اور انہیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔بعد ازاں ڈویژنل ڈائریکٹر نے صنعت زار خوشاب میں پی ایس ڈی اے (PSDA) سے رجسٹرڈ ٹریڈز اور تربیتی کلاسز کا دورہ کیا۔ انہوں نے بیوٹیشن کلاس اور بیوٹی کیئر تھراپی کلاس کا تفصیلی معائنہ کیا اور کلاس روم کی بہتری، تزئین و آرائش اور ماحول کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں تاکہ زیرِ تربیت طالبات کو بہترین تعلیمی و تربیتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔شاکرہ نورین نے ڈریس میکنگ اور ڈومیسٹک ٹیلرنگ کلاسز کا بھی دورہ کیا، جہاں طالبات کی عملی تربیت، جدید کمپیوٹرائزڈ سلائی مشینری کے استعمال اور تیار کیے جانے والے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طالبات کی محنت، دلچسپی اور سیکھنے کے جذبے کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ وہ پوری لگن اور توجہ کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کریں اور اپنے ہنر میں مہارت حاصل کریں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تربیت مکمل کرنے کے بعد طالبات صنعت زار کے پلیٹ فارم سے اپنی رجسٹریشن کروائیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سینٹر ورک اور آرڈر ورک میں حصہ لیں، تاکہ وہ اپنے ہنر کے ذریعے باعزت روزگار کما کر اپنے خاندان کی معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکیں۔واضح رہے کہ صنعت زار خوشاب کا بنیادی مقصد خواتین کو فنی و عملی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں خودمختار بنانا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں پروڈکشن سینٹر، مقامی آرڈر ورک اور مختلف تربیتی کورسز کے ذریعے خواتین کو ہنرمند بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیرِ اہتمام صنعت زار خوشاب خواتین کی فنی تربیت، ہنرمندی کے فروغ اور معاشی خودمختاری کے لیے اپنی خدمات بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔

