العامرات (اسپورٹس ڈیسک)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے اہم مقابلے میں اومان نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈا کو 41 رنز سے ہرا دیا۔العامرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اومان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اومان کی جانب سے حسنین الوہاب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 77 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں مجبیور عمران علی 39 اور جتندر سنگھ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اومان کی پوری ٹیم 49.1 اوورز میں 263 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کینیڈا کی طرف سے ہرش ٹھاکر نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینیڈا کی ٹیم شروعات سے ہی اومان کی نپی تلی بولنگ کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔ آدتیہ ورادھراجن نے 50 رنز کی نصف سنچری بنا کر کچھ مزاحمت کی، لیکن اومان کی عمدہ بولنگ اور فیلڈنگ کے باعث پوری کینیڈین ٹیم 48 اوورز میں 222 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔اس فتح کے ساتھ اومان نے پوائنٹس ٹیبل پر اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے۔

