برسٹل / لندن:برطانیہ کے شہر برسٹل میں نوعمر لڑکی کو گھناؤنے جنسی استحصال اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے تین افغان شہریوں کو عدالت نے طویل قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔ مجرموں نے گھناؤنا جرم کرنے کے بعد ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم فرانسیسی پولیس کی پھرتی کے باعث وہ بچ نکلنے میں ناکام رہے اور انہیں واپس برطانیہ لایا گیا۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق برسٹل کراؤن کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے بعد جج مائیکل کلم نے فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی مجرم 21 سالہ محراب صافی کو 15 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ اس کے دو ساتھیوں 19 سالہ عوض احمدزئی اور 19 سالہ سلمان حبیب خیل کو نو، نو سال کے لیے نوجوانوں کے حراستی مرکز بھیجنے کا حکم دیا۔ اس معاملے میں ملوث ایک اور 17 سالہ افغان لڑکے کو پہلے ہی دو سال اور سات ماہ قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ محراب صافی کی ملاقات 17 سالہ متاثرہ برطانوی لڑکی سے کرسمس شاپنگ کے دوران ہوئی تھی۔ ملزم نے سوشل میڈیا ایپ ‘سنیپ چیٹ’ کے ذریعے لڑکی کا اعتماد جیتا اور ٹیکسی کا کرایہ خود ادا کر کے اسے برسٹل اپنے گھر بلا لیا۔ گھر پہنچنے پر لڑکی کو زبردستی شراب پلائی گئی، جس کے بعد نومبر کے مہینے میں کئی گھنٹوں تک ان افراد نے نوعمر لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔
لڑکی کی والدہ کی جانب سے گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے پر پولیس بروقت موقع پر پہنچی اور لڑکی کو بازیاب کرا کے ایک 17 سالہ ملزم کو وہیں سے دبوچ لیا، تاہم باقی تینوں ملزم پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس سے بچنے کے لیے یہ تینوں ملزم برمنگھم اور لندن کے راستے ایک مال بردار لاری (ٹرک) کے پچھلے حصے میں چھپ کر برطانیہ سے باہر بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔ فرار کے دوران ان ملزمان نے موبائل فون پر ویڈیوز بھی بنائیں جن میں وہ ہنستے اور یہ ظاہر کرتے دکھائی دیے کہ وہ قانون کی گرفت سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
تاہم فرانس کے سرحدی شہر کیلے (Calais) میں فرانسیسی سکیورٹی فورسز نے تلاشی کے دوران انہیں دبوچ لیا اور فوری طور پر برطانیہ کے حوالے کر دیا، جہاں برطانوی پولیس نے انہیں ایئرپورٹ یا بارڈر پر اترتے ہی دھر لیا۔ عدالت نے تمام مجرموں کو غیر معینہ مدت کے لیے جنسی مجرموں کے رجسٹر میں شامل کرنے اور بچوں سے رابطہ کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
نوعمر برطانوی لڑکی کی آبرو ریزی میں ملوث تین افغان باشندےفرانس سے گرفتار

