اسلام آباد:سوشل میڈیا پر پولیس یونیفارم کی نمائش، ریلز بنانے اور ذاتی تشہیر کے بڑھتے ہوئے رجحان کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے تمام رینکس کے افسران اور اہلکاروں کے لیے ایک نئی اور انتہائی سخت سوشل میڈیا پالیسی جاری کر دی گئی ہے۔ اس نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد پولیس فورس کے اندر سوشل میڈیا کے استعمال پر کڑے ضابطے عائد کر دیے گئے ہیں۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق، نئی پالیسی کے تحت کسی بھی پولیس اہلکار کے یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھنچوانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ذاتی شہرت، نام نہاد گلیمر یا سوشل میڈیا پر لائکس اور ویوز حاصل کرنے کے لیے پولیس یونیفارم کا استعمال بھی سختی سے ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ اس ضابطہ اخلاق کے دائرہ کار میں درج ذیل احکامات شامل ہیں:
سرکاری گاڑیوں، دفاتر اور نجی مقامات پر بھی یونیفارم میں ویڈیوز یا ریلز بنانے پر فوری محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
پولیس اہلکاروں کو مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر میڈیا پر بیانات دینے، پبلک فورمز پر اظہارِ خیال کرنے اور اخبارات یا رسائل میں آرٹیکل لکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کوئی بھی پولیس اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کا کھل کر اظہار نہیں کر سکے گا۔
کسی بھی قسم کی محکمانہ، حساس یا خفیہ دستاویزات، خط و کتابت اور تصاویر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے پر بھی کڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد محکمہ پولیس کے وقار، پیشہ ورانہ ڈسپلن اور رازداری کو ہر صورت یقینی بنانا ہے، اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

