سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو سے):
تھانہ سبز پیر کے علاقے میں شہری پر بیہمانہ تشدد کرنے اور اس کے سر کے بال مونڈنے میں ملوث 4 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزمان اسماعیل، طاہر، فرید اور تنویر نے شہری ذیشان علی کو ورغلا کر مالی پور منتقل کیا۔ وہاں ملزمان نے اسے دو روز تک حبسِ بے جا میں رکھا، بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، سر کے بال مونڈے اور اس تمام عمل کی ویڈیو بھی بنائی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) سیالکوٹ، کیپٹن (ر) دوست محمد نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ سبز پیر، سب انسپکٹر وقاص علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ شہریوں کی عزت اور جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا شہریوں سے غیر انسانی سلوک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملزمان کو آئین و قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے تفتیش مکمل میرٹ پر کی جائے گی۔


