-
تھانہ کوٹلی سید امیر پولیس کی کارروائی: 13 تولے طلائی زیورات اور نقدی برآمد، مالِ مسروقہ مالکان کے حوالے
سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان سے)
سیالکوٹ میں تھانہ کوٹلی سید امیر پولیس نے جدید تکنیک اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے بزرگ شہری کے گھر میں ہونے والی 70 لاکھ روپے کی چوری کی واردات کا سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ چوری شدہ تمام طلائی زیورات اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ کوٹلی سید امیر کے علاقے چپراڑی کے رہائشی ریٹائرڈ سرکاری ملازم غلام رسول نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ایک شادی کی تقریب میں گئے ہوئے تھے، اس دوران نامعلوم چور گھر کے تالے توڑ کر 13 تولے طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپے نقدی چرا کر فرار ہو گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے ایس ایچ او کوٹلی سید امیر، سب انسپکٹر شاہ زیب کو ملزم کی فوری گرفتاری اور مالِ مسروقہ کی برآمدگی کا حکم دیا۔
پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل جدوجہد کے بعد واردات میں ملوث ملزم اسد ولد برکت علی (رہائشی چپراڑی) کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے تمام چوری شدہ زیورات اور نقدی برآمد کر لی، یوں بزرگ شہری کو ان کی عمر بھر کی جمع پونجی واپس دلا دی گئی۔

