راولپنڈی: سکیورٹی فورسز کی بلوچستا ن کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 19 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں 21 ستمبر سے جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کرتے ہوئے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیاجبکہ ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں 22 اور 23 ستمبر کو انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں مزید 6 دہشت گرد مارے گئے ، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر سے شعبان کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشت گرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں کلیئر کیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب 22 اور 23 ستمبر کو ضلع کیچ اور ضلع کوئٹہ ویسٹ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پیشگی کارروائیاں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل، ساکن تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان نچھاور کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور کردہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق ملک میں جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سکیورٹی فورسز کی بلوچستا ن کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 19 دہشت گرد ہلاک، صوبیدار محمد جمیل شہید

