سیالکوٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے ڈسکہ کا دورہ کیا اور شہر میں جاری ترقیاتی و خوبصورتی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ یاسر گیلانی نے ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبوں، کام کی پیش رفت اور مختلف اسکیموں سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افیسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد میں شروع کیے گئے منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہونی چاہیے، تاکہ شہریوں کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد حاصل ہو سکیں۔
دورانِ بریفنگ ڈسکہ شہر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی و خوبصورتی کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بینک روڈ پر لائٹس اور ٹف ٹائلز کی تنصیب، بنگلہ چوک اور میلاد چوک کی بیوٹیفکیشن، اسٹریٹ مارکیٹس کی خوبصورتی و تزئین و آرائش جبکہ ڈسکہ اسٹیڈیم کی تزئین و بحالی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری علاقوں کی خوبصورتی کے منصوبے صرف ظاہری تبدیلی تک محدود نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ان میں شہری سہولیات، پیدل چلنے والوں کی آسانی، بہتر ماحول اور عوامی استعمال کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں میں تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام کی نگرانی مؤثر انداز میں جاری رکھی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے ورکرز کی حفاظت کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے اور موقع پر ضروری سیکیورٹی گیئر اور حفاظتی اقدامات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شہریوں اور منصوبے پر کام کرنے والے افراد کی سلامتی کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔


