سی ای او ہیلتھ نبیل سلیم، ڈرگ کنٹرولر انوار ارشد، ڈرگ انسپکٹر عامر حفیظ، سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کی شرکت
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)\
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ نبیل سلیم، ڈرگ کنٹرولر انوار ارشد، ڈرگ انسپکٹر عامر حفیظ، ڈرگ انسپکٹر نوشہرہ حافظ محمد عمران، کوالٹی ڈرگ کنٹرول سیکرٹری احمد خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈرگ اتھارٹی خوشاب اور تحصیل نوشہرہ سمیت ضلع کی دیگر تحصیلوں کے ڈرگ انسپکٹرز نے میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق ڈپٹی کمشنر خوشاب کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر مختلف کیسز ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے سامنے پیش کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے فارمیسی مالکان کا مؤقف سننے اور متعلقہ ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 6 کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کی منظوری دی، جبکہ دیگر کیسز میں 7 فریقین کو وارننگ جاری کی گئی۔ ایک غیر حاضر فریق کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت مقرر کر دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے ڈرگ کنٹرولر اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر چلنے والے میڈیکل سٹورز، زائدالمیعاد اور غیر معیاری ادویات کی فروخت میں ملوث ویئر ہاؤسز، کمپنیوں اور فارمیسیز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور نہ ہی کسی سفارش یا دباؤ کو خاطر میں لایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ادویات کے معیار، دستیابی اور فروخت کے حوالے سے قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری ادویات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ انسانی صحت سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


