تھانہ منگلی اور تھانہ کھڈرو کی حدود میں22 سالہ حسن پٹھان اور 18 سالہ محمد حنان شر جاں بحق، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے
سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
سانگھڑ میں فائرنگ کے دو الگ الگ خونریز واقعات میں دو نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعات تھانہ منگلی اور تھانہ کھڈرو کی حدود میں پیش آئے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ تھانہ منگلی کی حدود میں پیش آیا جہاں دکان پر بیٹھے ہوئے 22 سالہ نوجوان حسن پٹھان کو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے باآسانی فرار ہو گئے۔
دوسرا واقعہ تھانہ کھڈرو کی حدود میں واقع گوٹھ عبدالغفور شر میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر کزن نے معمولی تنازعے پر فائرنگ کر کے 18 سالہ نوجوان محمد حنان شر کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعات کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے جبکہ ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


