بھونیشور (اڈیشہ): اڈیشہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈوبنے کے 14 واقعات میں 9 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ 7 دیگر کو بچا لیا گیا۔ اڈیشہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ نے جمعرات کو یہ اطلاع دی،محکمے کے مطابق یہ واقعات گنجام ضلع کے ہنجیلی کاتو کے علاوہ سندرگڑھ، بھدرک، کوراپٹ اور کالاہانڈی اضلاع میں پیش آئے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو بچایا، جنہیں بعد میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ 9 لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں، جبکہ ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
جگت سنگھ پور ضلع کے گوبال پور، ایرسما میں اوڈانالا کے قریب دریا میں 3 افراد کے لاپتہ ہونے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ایرسما فائر اسٹیشن کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاپتہ افراد کی تلاش شروع کی،محکمے کے مطابق گنیش مورتی وسرجن کے دوران پیش آئے ڈوبنے کے ایک واقعے میں 4 لاشیں برآمد کی گئی ہیں، جبکہ علاقے میں تلاش کا عمل اب بھی جاری ہے۔ یہ تمام واقعات ریاست بھر میں گنیش وسرجن کی تقریبات کے دوران پیش آئے۔
ان ہلاکتوں پر اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، قائد حزب اختلاف اور سابق وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک اور اڈیشہ کانگریس کے صدر بھکت چرن داس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ حکام کی جانب سے ان مقامات پر سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جہاں ابھی بھی لوگ لاپتہ ہیں۔

