پسرور(رپورٹ: محمد اشفاق )
تحصیل پسرور کے نواحی گاؤں الہڑ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مسجد کے اندر نامعلوم شخص نے 80 سالہ بزرگ اللہ دتہ پر ڈنڈے سے شدید حملہ کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمی بزرگ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور تشویشناک حالت کے پیش نظر ٹی ایچ کیو (THQ) ہسپتال چونڈہ منتقل کر دیا۔ معالجین کے مطابق ڈنڈے کی شدید ضربات کے باعث 80 سالہ اللہ دتہ کے بازو میں فریکچر آیا ہے جبکہ ان کے سر پر بھی گہری چوٹیں لگی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ مقامی پولیس نے معاملے کی تفتیش کا آغاز کر کے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔


