سیالکوٹ ( رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کاروبلس (Raimundas Karoblis) نے وفد کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کا اہم دورہ کیا اور مقامی کاروباری برادری کے نمائندگان سے ملاقات کی۔سیالکوٹ چیمبر کے صدر سید احتشام مظہر گیلانی، سینئر نائب صدر میاں مراد اور نائب صدر سلیمان شیخ نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کی صدر ڈاکٹر مریم نعمان اور سینئر نائب صدر گلزیب وقاص اعوان بھی استقبالیہ ٹیم میں شامل تھیں۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے، برآمدات میں اضافے اور باہمی سرمایہ کاری کے موقعوں پر تفصیلی بحث ہوئی۔چیمبر عہدیداروں نے یورپی منڈیوں میں سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات کی آسان رسائی اور درپیش تجارتی رکاوٹوں کے حل پر زور دیا۔ یورپی یونین کے سفیر نے سیالکوٹ کی برآمدی صنعت کی اہمیت کو سراہتے ہوئے تجارتی و معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے اختتام پر صدر سیالکوٹ چیمبر سید احتشام مظہر گیلانی نے سفیر ریمنڈاس کاروبلس کو سیالکوٹ میں تیار کردہ عالمی معیار کے سرجیکل آلات کی کٹ اور چیمبر کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔



