چکوال: مہتاب نصیر اعوان سے
چکوال شہر کے گردونواح میں تیز آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد شدید گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش کے باعث شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا۔ بارش سے سڑکیں اور گلیاں جل تھل ہو گئیں، جبکہ کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب بارش کے بعد فضا میں ٹھنڈک پیدا ہونے سے گرمی سے ستائے شہریوں کے چہروں پر خوشی نمایاں رہی۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں نے بارش کو گرمی کی شدت کے بعد خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسلادھار بارش سے موسم میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بھی ضلع چکوال اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم مزید خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

