کولمبو: ویب ڈیسک
کرکٹ کی تاریخ میں ایک بالکل نئے اور انوکھے فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ (Test Twenty) کا باضابطہ آغاز ہونے جا رہا ہے، جو شائقینِ کرکٹ کے لیے ایک دلکش تجربہ ثابت ہوگا۔ یہ منفرد ٹورنامنٹ رواں سال 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے مشہور سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔فارمیٹ کی منفرد خصوصیات: اس ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں لڑکے اور لڑکیاں الگ الگ اننگز کھیلنے کے باوجود ایک ہی ٹیم کے مجموعی اسکور میں حصہ ڈالیں گے۔ ہر میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا، جسے دو مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:پہلے 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں کھیلے جائیں گے۔باقی 40 اوورز فلڈ لائٹس میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ کھیلے جائیں گے۔کھلاڑی اور ٹیمیں: منتظمین کے مطابق اس ایونٹ میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز حصہ لیں گے، جنہیں چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹیم میں 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گی۔مشاورتی بورڈ اور لیجنڈز کی موجودگی: اس ٹورنامنٹ کی اہمیت کا اندازہ اس کے مشاورتی بورڈ سے لگایا جا ہے، جس میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے کلائیو لائیڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما اس عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ ایونٹ کا فائنل مقابلہ 29 نومبر کو کھیلا جائے گا، جبکہ تمام میچز کے سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہِ راست نشر کیے جانے کی توقع ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کرکٹ کا یہ نیا تجربہ شائقین میں کتنی مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔

