نوابشاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیرِ صدارت ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں سے متعلق اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، معیارِ تعمیر، تکمیل کی صورتحال اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں روڈز، آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، بلڈنگز، تعلیم، صحت اور بلدیاتی امور سمیت مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں پر متعلقہ افسران نے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرکے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، جبکہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے اور درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔
اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر مدثر حسین، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئر مظفر حسین زرداری، ایکسین داد ڈویژن بلاول حسین، پیپلز پارٹی ضلع صدر محمد سالم زرداری، انچارج زرداری ہاؤس میر محمد سیال، ایکسین ایجوکیشن احمد خان ابڑو سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔


