دبئی :سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمرجاوید باجوہ علاج کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔
قمر جاوید باجوہ 3ہفتےسی ایم ایچ میں زیرعلاج رہے،انہیں سر اور کمرمیں چوٹ آئی تھی۔
فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف قمر باجوہ نے یو اے ای میں اپنا طبی معائنہ کرایا، دبئی میں ڈاکٹرز نے قمر جاوید باجوہ کاتفصیلی طبی معائنہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر جاوید باجوہ کی طبیعت بہتر ہے، کچھ ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں، چیک اپ اورڈاکٹروں کی ہدایات کے بعد قمر باجوہ واپسی کافیصلہ کریں گے۔قمر جاوید باجوہ کچھ دن متحدہ عرب امارات میں بیٹے کے پاس قیام کریں گے، جنرل ریٹائرڈ قمر باجوہ ساڑھےچار ماہ قبل گھرمیں وضو کےدوران گر گئے تھے۔
یاد رہے رواں سال فروری میں پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے پاک فوج کے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے زیرِ علاج ہونے کی تصدیق کی تھی۔
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو اپنی رہائش گاہ پر گرنے کی وجہ سے چوٹ آئی ہے اور وہ سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔
اس سے قبل مختلف ملکی اور غیر ملکی نشریاتی اداروں نے خاندانی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ پاک فوج کے سابق سربراہ قمر جاوید باجوہ اپنے گھر میں گر کر زخمی ہوگئے ہیں۔

