نواب شاہ (تحریر: نفیس آرائیں)
ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد رینج فیصل بشیر میمن نے بے نقاب نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ 4 اگست یومِ شہداء پولیس کے موقع پر پوری پولیس فورس اپنے عظیم شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرے گی، جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی فلاح و بہبود کے عزم کی تجدید بھی کی جائے گی۔
سندھ پولیس اپنے شہداء کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔ عیدین اور دیگر قومی و مذہبی تہواروں کے موقع پر شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کی جاتی ہے تاکہ انہیں یہ احساس رہے کہ پوری پولیس فورس ان کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کے اہلِ خانہ درحقیقت ہماری اپنی فیملی ہیں۔پولیس کی مرکزی تقریب میں شہداء کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت شہداء کے لواحقین میں مالی امداد کے چیکس بھی تقسیم کیے جائیں گے، تاکہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ پولیس کے عزم کا عملی اظہار کیا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے اہلِ خانہ کی عزت، تکریم اور ہر ممکن سرپرستی سندھ پولیس کی اولین ذمہ داری رہے گی۔

