سانگھڑ:(بیوروچیف کی رپورٹ)
سانگھڑ: آل سندھ لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین ایمپلائز سندھ کی سینٹرل صدر حلیمہ ذوالقرنین لغاری اور جنرل سیکرٹری شمع گلانی کی قیادت میں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پروگرام کی مبینہ نجکاری، بجٹ میں کٹوتیوں اور دیگر مسائل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ریلی میرپور چوک پہنچی، جہاں کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات درج تھے۔اس موقع پر حلیمہ ذوالقرنین لغاری اور شمع گلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز گزشتہ کئی برسوں سے ملک کے بنیادی صحت کے نظام میں اہم خدمات انجام دے رہی ہیں، لیکن ان کے مسائل حل کرنے کے بجائے پروگرام کو نجکاری کی طرف لے جایا جا رہا ہے، جس سے ہزاروں ملازمین کا مستقبل غیر یقینی ہو جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے، مالی سال 2026–27 کے لیے مناسب بجٹ مختص کیا جائے، ملازمین کے حقوق اور ملازمتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور آل سندھ لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین کے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر فوری عملدرآمد کیا جائےمظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ سندھ بھر میں مزید وسیع کیا جائے گا۔

