مری (راشد مغل سے )
ڈائریکٹر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس ضلع مری کرنل مراد علی خان نے ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں ضلع مری میں امن و امان، انسدادِ منشیات کے اقدامات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مری کو منشیات جیسی لعنت سے پاک رکھنے کے لیے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس اور مری پولیس مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر منشیات فروش عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، آگاہی مہمات اور باہمی رابطوں کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جبکہ کرنل مراد علی خان نے یقین دہانی کرائی کہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس اور مری پولیس باہمی اشتراک سے منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے کرنل مراد علی خان کو مری پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ دونوں افسران نے مستقبل میں بھی ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

