ساؤڈی پولو: برازیل کے ایک منچلے جوڑے نے محبت کا ایسا اظہار کیا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے اور ان کا نام سیدھا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہو گیا۔ 32 سالہ ریناٹو اور 33 سالہ نائرا نے صرف 30 سیکنڈ میں ایک دو نہیں، بلکہ پورے 195 بار بوسے دے کر دنیا کو حیران کر دیا۔
آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران ہسپتالوں میں لوگوں کی جانیں بچاتے رہے ہیں۔ جوڑے کا ماننا ہے کہ وہ ”دنیا کا سب سے بہترین جوڑا“ ہیں، اسی لیے انہوں نے انٹرنیشنل کسنگ ڈے کے موقع پر اس انوکھے چیلنج کو چنا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریناٹو نے اپنی پسندیدہ فٹ بال ٹیم کی جرسی پہن رکھی ہے اور وہ نائرا کے گال پر کسی مشین گن کی رفتار سے پیار نچھاور کر رہے ہیں، جبکہ نائرا پورے چیلنج کے دوران سکون سے مسکراتی رہیں اور پورا چیلنج خوشگوار ماحول میں مکمل ہوا۔ریناٹو کو ریکارڈ بنانے کا پرانا خبط ہے، وہ اس سے پہلے سب سے تیز رفتاری سے کتابیں گرانے اور اپنے پیر کو سب سے زیادہ گھمانے کا ریکارڈ بھی بنا چکے ہیں۔ ریناٹو اور ان کی اہلیہ نائرا دونوں پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں۔

