(سکھر ڈویزن بیوروچیف نصیر احمد لاشاری سے)

خیرپور میں سندھ حکومت کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور ضلعی انتظامیہ نے سوبھوڈیرو اور سگیوں کے علاقوں میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائیاں کیں۔کارروائی کے دوران گندم سے بھرے 9 گودام اور ایک فلور مل سیل کر دی گئی، جبکہ 100 کلوگرام وزن والی گندم کی 21 ہزار 800 بوریاں تحویل میں لے لی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر سوبھوڈیرو شاہ محمد چانگ اور فوڈ انسپکٹر پیر بخش جونیجو نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران رانی پور کی لال فلور مل سمیت نثار احمد شیخ، الہودایو، محمد ہاشم، عبدالشکور شیخ، بشیر چنو اور دیگر افراد کے گودام سیل کیے گئے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیل کیے گئے گوداموں سے 100 کلوگرام وزن والی 21 ہزار 800 بوریاں گندم قبضے میں لی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک نے رواں سیزن کے دوران ایک کروڑ بوریاں گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم صرف 9 لاکھ بوریاں ہی خریدی جا سکیں۔ سرکاری خریداری متاثر ہونے کے باعث اوپن مارکیٹ میں 100 کلوگرام گندم کی ایک بوری کی قیمت 12 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی قلت کے باعث آٹے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور آٹا 140 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

